ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام مارکیٹیں کھلی رکھنے کا حکم
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چھوٹی مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو کھلی رکھنے اور شاپنگ مالز کھولنے کا حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے بذریعہ وڈیو لنک کراچی سے دلائل دیے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جن چھوٹی مارکیٹوں کو کھولا گیا وہ کون سی ہیں؟ کیا زینب مارکیٹ، راجا بازار، طارق روڈ اور صدر کا شمار بھی چھوٹی مارکیٹوں میں ہوتا ہے؟ انھوں نے کہا کہ باقی مارکیٹیں کھلی ہوں گی، تو شاپنگ مالز بند کرنے کا کیا جواز ہے؟ چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مر جائیں۔
جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عید پر رش بڑھ جاتا ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کرائی جائیں، شاید آپ نئے کپڑے نہ خریدنا چاہییں، لیکن دوسرے لینا چاہتے ہیں، بہت سے گھرانے صرف عید پر ہی نئے کپڑے پہنتے ہیں۔
اس موقع پر عدالت نے پورے ہفتے بھی ملک بھر کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دے دیا۔