ایران اسرائیل سیزفائر کے پیچھے وردی، بھارت کیخلاف جنگ میں غیبی مدد آئی، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف جنگ میں غیبی مدد آئی جب کہ ایران اسرائیل سیز فائر اور ایران کی نظر آنے والی کامیابی کے پیچھے بھی وردی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت علمائے کرام کے ساتھ محرم الحرام میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت دیگر اہم مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن میں علماء کرام نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں، اپنا مسلک چھوڑو نہ اور کسی کا مسلک چھیڑو، کی تھیم رکھنی چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران غیبی مدد آئی، دونوں ملکوں میں کشیدگی نہیں چاہتے، کوشش تھی کہ کوئی بھارتی شہری نہ مارا جائے، پاکستان نے میزائل فائر کیے، کچھ نمبر آگے پیچھے ہوگئے، ڈر تھا کہ شہری آبادی کو نقصان نہ ہو لیکن پاکستانی میزائل بھارت کے سب سے بڑے آئل ڈپو میں لگے۔
اس کے علاوہ بھارت نے ایک پاکستانی بیس پر قریباً 11 میزائل فائر کیے، اس بیس پر ہمارے جہاز اور لوگ بھی موجود تھے، خدشہ تھا کہ بھارتی میزائلوں سے بہت نقصان ہوگا، ہمیں اطلاع ملی کہ بھارتی میزائلوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا یہ صرف دو قصے ہیں جو میں نے بتائے کہ کس طرح سے غیبی مدد آئی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی ایک بھارتی میزائل سے پاکستان کے جہاز اور لوگوں کو نقصان نہیں پہنچا، آرمی چیف نے واضح کردیا تھا کہ حملہ کرنے پر بھارت اس سے زیادہ بھگتے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت اور جنگ بندی میں وزیراعظم کا اہم کردار ہے اور اس کے پیچھے اور ایران کی نظر آنے والی کامیابی کے پیچھے بھی وردی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میں آگے ڈیٹیل میں نہیں جانا چاہتا، جس طرح سے انہوں نے بات کی، جس طرح سے عالمی رہنماؤں کو قائل کیا، اس پر ہم سب کو فخر کرنا چاہیے۔