مضبوط ماں ہی مضبوط نسل کی بنیاد رکھ سکتی ہے، نادیہ جمیل

کراچی: سینئر ٹی وی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے ماؤں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو سب سے اہم قرار دے دیا۔
نادیہ جمیل نے ایک سیشن کے دوران ماں کے کردار سے متعلق بدلتے ہوئے نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کی ماں کو خود کو نظرانداز کرنے کے بجائے اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو ترجیح دینی چاہیے، تاکہ وہ ایک متوازن اور مؤثر والدہ ثابت ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف نسلوں میں ماں کے تصور میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ پہلے ماں کو صرف قربانی دینے والی اور ہر حال میں بچوں کو خود پر مقدم رکھنے والی ہستی تصور کیا جاتا تھا، لیکن اب یہ شعور بڑھ رہا ہے کہ ایک خوش، صحت مند اور خودمختار ماں ہی بہتر انداز میں اپنی اولاد کی پرورش کرسکتی ہے۔
نادیہ جمیل کے مطابق عورت کو چاہیے کہ وہ صرف ماں ہونے کے کردار تک خود کو محدود نہ کرے، بلکہ اپنی ذات، خواہشات، مشاغل اور زندگی کے دیگر پہلوؤں پر بھی توجہ دے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوچ اب اہمیت اختیار کررہی ہے کہ ماں کا اپنے لیے وقت نکالنا نہ صرف اس کی اپنی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ اس کا مثبت اثر بچوں کی نشوونما اور گھریلو فضا پر بھی پڑتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط ماں ہی مضبوط نسل کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر نادیہ جمیل یہ ویڈیو گردش کر رہی ہے جس پر صارفین انہیں سراہا رہے ہیں تاہم کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ماں ایک ایسی ہستی ہے جس کیلئے اولین ترجیح صرف اس کی اولاد ہی رہتی ہے چاہے زمانہ کتنا ہی بدل کیوں نہ جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔