نیشنز ہاکی کپ: پاکستان فرانس کو ہراکر فائنل میں پہنچ گیا

کوالالمپور: نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان فرانس کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری نیشنز کپ کے پہلے سیمی فائنل کے پہلے کواٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے گول اسکور کرکے پاکستان پر 0-1 کی برتری حاصل کی۔
تیسرے کوارٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی پلیئر نے گول داغ کر برتری 0-2 کردی، تاہم 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے گول کرکے میچ میں پاکستان کے لیے پہلا گول اسکور کیا۔
بعدازاں تیسرے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13 ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ کا اپنا دوسرا گول اسکور کرکے میچ میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔
تاہم چوتھے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں فرانس کی جانب سے شارلٹ وکٹر نے گول داغ کر ایک مرتبہ پھر میچ 3-3 سے برابر کردیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں کوریا کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔
فرانس کی عالمی درجہ بندی میں 9 ویں پوزیشن ہے جبکہ اسی ٹورنامنٹ میں 2 درجے ترقی پانے کے بعد پاکستان کا 13واں نمبر ہے۔
خیال رہے کہ نیشنز کپ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم پرو ہاکی لیگ میں رسائی حاصل کرنے کی حق دار ٹھہرے گی۔