ایران ڈیل کرلے، اگلے حملے زیادہ سنگین ہوں گے، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ جوہری معاہدہ کرلے ورنہ اگلے حملے مزید وحشیانہ ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو کہا تھا معاہدہ کرلو لیکن انہوں نے نہیں کیا، معاہدے کی کوششیں ہوئیں، معاہدے کے قریب بھی پہنچے لیکن وہ معاہدہ نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے کچھ سخت گیر عہدیداروں نے بہادری سے بات کی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ کیا ہونے والا ہے، سب سخت گیر ایرانی اب مرچکے اور اب آگے بھی بدتر ہی ہوگا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو معاہدہ کرنے کا موقع دینے کے بعد ایک اور موقع دیا گیا، ایران کو معاہدہ کرلینا چاہیے اس سے پہلے کہ کچھ نہ بچے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا میں سب سے مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل کے پاس ان ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ ہے اور وہ اسے چلانا جانتے ہیں، لہٰذا وقت ہے کہ اس صورت حال کا خاتمہ کیا جائے، ورنہ پہلے سے طے شدہ حملے زیادہ سنگین ہوں گے۔