اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کا اعلان

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں ایک فیصد کا اعلان کردیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 12 فیصد سے کم کرکے 11 فیصد کردی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود میں کمی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بجلی کی سرکاری قیمتوں میں کمی اور غذائی گرانی نے مہنگائی کی شرح تیزی سے کم کی ہے۔ مہنگائی کا منظرنامہ پچھلے تخمینوں کے مقابلے میں مزید بہتر ہوا ہے۔
ہیڈلائن مہنگائی اپریل میں اعشاریہ تین فیصد رہی اور قوزی مہنگائی بھی نو فیصد سے کم ہوکر آٹھ فیصد ہوئی ہے۔ کرنٹ اکاونٹ سرپلس ہے جب کہ معاشی نمو رواں مالی سال ڈھائی سے ساڑھے تین فیصد کے درمیان رہنے کی توقعات ہیں۔
کمیٹی کے مطابق مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر ہوجائیں گے۔ تجارتی ٹیرف سے پیدا ہوئی بے یقینی کیفیت اور بین الاقوامی سیاسی حالات معیشت کے لیے چیلنجز بن سکتے ہیں۔
کمیٹی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی کوشش ہے کہ مہنگائی قابو میں رہے اور معاشی نمو پائیدار رہے، اس منظر میں ایم پی سی نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کرکے محتاط زری پالیسی مؤقف برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔