بچپن میں قائداعظم سے مل چکا، لوگ عمر کا اندازہ لگالیں، فیصل رحمان

کراچی: فلموں اور ڈراموں کے سینئر اداکار فیصل رحمان نے انکشاف کیا کہ وہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے ملاقات کرچکے ہیں جسے وہ آج تک فراموش نہیں کرسکے۔
حال ہی میں فیصل رحمان نے نجی ٹی وی چینل کے ایک انٹرویو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی عمر کا تذکرہ کیا اور اس کے علاوہ کئی زائد العمر اداکاراؤں کے ساتھ بطور ہیرو کام کرنے پر بھی بات چیت کی۔
فیصل رحمان نے بتایا کہ میں نے بہت چھوٹی عمر سے ہی اداکاری کا آغاز کردیا تھا، قسمت نے ساتھ دیا اور جوانی میں ہی اسٹار بنادیا، بہت ساری اداکاراؤں کے ساتھ ہیرو آیا، اب ان سے ملتا ہوں تو ان سے کم عمر لگتا ہوں لیکن کبھی کسی نے مذاق میں بھی اپنا بیٹا نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ شبنم کے ساتھ کام کرتے وقت یا ملتے وقت ایسا ضرور محسوس ہوتا تھا کہ جیسے میں ان کا بیٹا ہوں۔
شبنم سے متعلق بات کرتے ہوئے سینئر اداکار نے مزید کہا کہ اداکارہ شبنم کے ساتھ کام کرنے میں سب سے زیادہ مشکلات پیش آئیں جس کی وجہ یہ تھی کہ وہ مجھ سے بڑی عمر کی تھیں اور ان کے ساتھ فلم میں رومانس کرنا تھا۔
فیصل رحمان نے اپنی عمر بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ بچپن میں قائداعظم سے بھی مل چکا ہوں، اب لوگ خود میری عمر کا اندازہ لگا لیں۔
فیصل کی اس بات پر میزبان نے کہا کیا وہ 80 سال کے ہیں، اس پر اداکار نے کہا کہ اس سے کم عمر ہوں۔
فیصل رحمان نے مزید بتایا کہ جب میں قائداعظم سے ملا، تب 2 سال سے بڑا تھا، مجھے بانی پاکستان سے ملاقات مکمل طور پر یاد تو نہیں لیکن خواب کی طرح یاد ہے کہ محمد علی جناح سے ملا تھا۔
فیصل رحمان کا کہنا تھا کہ مجھے شادی نہ کرنے کا کوئی افسوس نہیں، آج تک کسی سہارے کی ضرورت نہیں پڑی اور خواہش ہے کہ آگے بھی کسی کے سہارے کی ضرورت نہ پڑے، میں آزاد پسند انسان تھا جس وجہ سے شادی نہیں کی، ایسا نہیں ہے کہ محبت میں دھوکا ملا تو شادی سے دل اٹھ گیا۔
خیال رہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا انتقال 11 ستمبر 1948 کو ہوا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔