نادیہ حسین کو ایف آئی اے افسر بن کر کال کرنے والے کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی: ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کو ایف آئی اے افسر بن کر کال کرنے والے جعل ساز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق نادیہ حسین کو کال کرنے والے کا نمبر وہاڑی کے رہائشی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ملزم نے اس نجی بینک کے ملازمین سے رابطہ کیا جہاں نادیہ حسین کے شوہر ملازم تھے۔
ذرائع کے مطابق اسی نمبر سے نجی بینک کے دیگر ملازمین سے بھی رقم کا تقاضا کیا گیا جب کہ ملزم نے متعدد افراد کو کالز کے بعد اپنا نمبر بند کردیا۔
چند روز قبل نادیہ حسین نے سوشل میڈيا کے ذریعے الزام لگایا تھا کہ اُن سے ایف آئی اے حکام نے اُن کے شوہر کے کیس میں 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے۔
صورت حال کلیئر ہونے پر نجی ٹی وی سے گفتگو میں نادیہ حسین نے کہا تھا کہ کسی شخص نے ڈائریکٹر ایف آئی اے بن کر انہيں فون کیا اور 50 لاکھ روپے مانگے، انکار پر دھمکیاں دیں اور فون بند کردیا۔
اداکارہ نادیہ حُسین کا کہنا تھا، انہوں نے اس فون کال کی ایف آئی آر درج نہيں کرائی لیکن ایف آئی اے میں شکایت کا ضرور اندراج کروایا ہے۔