کوئی ٹیم ہارنے کیلئے نہیں کھیلتی، کھلاڑیوں پر تنقید کرتے وقت توازن رکھیں، سرفراز

کراچی: چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اور پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم توقعات پر پورا نہیں اترسکی۔ دورۂ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی فتوحات کے لیے پُرامید ہیں۔
نیا ناظم آباد فٹ بال گراؤنڈ میں رمضان گولڈ فٹ بال ٹورنامنٹ کی ابتدائی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم نے محنت کی، لیکن نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔ ساری ٹیمیں جیتنے کے لیے کھیلتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ دورۂ نیوزی لینڈ میں امید ہے کہ نتائج ہمارے حق میں آئیں گے۔ نیوزی لینڈ کی کنڈیشن ہمیشہ سے چیلنجنگ رہی ہے، پی سی بی کا اچھا اقدام ہے کہ نئی ٹیم نیوزی لینڈ لے کر جارہے ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ یہ بات کی جاتی ہے ٹیم اچھا نہیں کھیلی۔ پرانے کرکٹرز، مینجمنٹ اور کوچز بھی جانتے ہیں کہ کوئی ٹیم ہارنے کے لیے نہیں کھیلتی، جب بھی کھلاڑیوں پر تنقید کریں تو بات بیلنس رکھ کر کریں۔ جو ٹی وی پر بیٹھے ہیں وہ ان مراحل سے گزرے ہوئے ہیں۔ کھیلتے ہوئے رویہ کچھ ہوتا ہے اور جب کرکٹ چھوڑ جاتے ہیں تو تبدیل ہوجاتا ہے۔ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، ہم سب کو مل کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔
سرفراز احمد نے یہ بھی کہا کہ قوم سے کہتا ہوں کہ آپ نے ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کیا ہے، قوم کو کہتا ہوں اب بھی ٹیم کے ساتھ کھڑے رہیں، امید ہے کہ آنے والا وقت پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کی فائنل دو ٹیموں کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں دو بہترین ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ فائنل میں بھارت کو دبئی میں رہنے کا ایڈوانٹیج ہوگا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔