ٹڈاپ کرپشن کیس: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی 3 مقدمات میں بری

کراچی: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ کرپشن کیس کے 3 مقدمات میں بری کردیا گیا۔
ٹڈاپ کرپشن کیس کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کراچی میں ہوئی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔
جج نے دوران سماعت یوسف رضا گیلانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا، آپ کے خلاف 3 مقدمات کا فیصلہ ہے، جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا جی پتا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا، آپ کس جیل میں جانا چاہیں گے، کراچی، ملتان یا اسلام آباد، جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا، مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں، چاہیں تو مجھے پھانسی دے دیں، چیئرمین سینیٹ کے جواب پر اینٹی کرپشن عدالت کے جج مسکرادیے۔
عدالت نے سوال کیا آپ کو گھر کی جیل کیوں پسند نہیں؟ جس پر یوسف رضا گیلانی نے کہا، میرا آبائی گھر ملتان ہے، فیملی لاہور اور سینیٹ آفس اسلام آباد ہے۔
جج نے کہا تو آپ بتائیں، کورٹ تو کراچی میں ہے، یوسف رضا گیلانی نے کہا پھر کہا جائے گا ان کی جماعت کی سندھ میں حکومت ہے۔
عدالت نے کہا، گیلانی صاحب آپ کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، آپ باعزت بری ہیں، آپ کے خلاف گواہی دینے والے اب خود ملزم بن گئے ہیں۔
عدالت نے 3 مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد یوسف گیلانی سمیت 40 ملزمان کو کیس سے بری کردیا۔
خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی پر ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل کے تحت 26 مقدمات درج ہیں، 3 مقدمات سے بری ہونے کے بعد اب بھی ان پر 23 مقدمات ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔