ماہرہ خان کے ساحل پر ساڑھی میں دلکش انداز کی دھوم
کراچی: حالیہ دنوں میں مشہور پاکستانی اداکاراؤں کے فوٹو شوٹس نے متروک ہوتے ساڑھی کے فیشن کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔
پاکستانی سپراسٹار ماہرہ خان نے بھی ساڑھی میں اپنی دلکش تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو داد دینے پر مجبور کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کی نئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ ماہرہ خان نے کراچی کے ساحل پر منفرد انداز میں ساڑھی زیب تن کی، جو ان کے پچھلے انداز سے کافی مختلف اور بھارتی ساڑھی اسٹائل سے ملتی جلتی تھی۔
سرخ اور پیلے رنگ کے امتزاج کی ساڑھی میں ماہرہ خان کا نیا روپ بے حد پسند کیا گیا۔ ان کی تصویروں میں ان کا چہرہ واضح نظر نہیں آرہا، مگر ساڑھی کے ہر زاویے نے ان کے خوبصورت اسٹائل کو نمایاں کردیا۔ ایک پوز میں وہ ساڑھی کے آنچل سے اپنا چہرہ چھپاتی دکھائی دیں جب کہ سورج کی روشنی نے ان کے حُسن کو مزید چار چاند لگادیے۔
ماہرہ خان کے اس انداز نے جہاں مداحوں کو متاثر کیا وہیں انہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، کھلی کمر کو لے کر کمنٹ سیکشن میں ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ تاہم ان کے بھارتی مداحوں نے ان کے نئے انداز کی بھرپور تعریف کی اور انہیں سراہا۔