صدر ٹرمپ نے منصب سنبھالتے ہی متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرڈالے
واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پہلے روز سابق صدر جوبائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات منسوخ کردیے اور متعدد نئے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب کے بعد کیپٹل ون ارینا میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پولیس سمیت مختلف اداروں کے دستوں کی جانب سے نومنتخب صدر کو سلامی دی گئی۔
صدر ٹرمپ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے بھی خطاب کیا اور تقریب میں اسرائیلی یرغمالیوں کے خاندانوں کا تعارف کرایا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے اور سابق صدر جوبائیڈن کے 78 صدارتی اقدمات بھی منسوخ کردیے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے کیپٹل حملے میں ملوث 1500 افراد کو معافی دینے کے آرڈر پر دستخط کیے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کی بھرتیاں منجمد کرنے کے آرڈر پر دستخط کردیے۔ ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کی سہولت بھی ختم کردی۔
ٹرمپ نے امریکا کی پیرس ماحولیاتی معاہدے سے علیحدگی کے آرڈر پر دستخط کیے اور ساتھ ہی مصنوعی ذہانت پالیسی سے متعلق بائیڈن کا ایگزیکٹو آرڈر منسوخ کردیا۔
صدر ٹرمپ نے بائیڈن کا 2030 تک الیکٹرک کاروں کی فروخت کا ہدف 50 فیصد کرنے کا آرڈر بھی منسوخ کیا۔
ٹرمپ نے بارڈر سے متعلق اور تارکین وطن کے داخلے سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے، کارٹلز کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ جنوبی سرحد پر نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کے آرڈر پر بھی دستخط کیے۔
صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی ماحولیاتی معاہدوں میں امریکا کو اولین ترجیح دینے کے آرڈر پر دستخط کیے۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے امریکی خاندانوں کو قیمتوں میں ایمرجنسی ریلیف دینے کے آرڈر پر بھی دستخط کیے جب کہ سیاسی مخالفین کے خلاف وفاقی حکومت کو مسلح کرنے کی پالیسی بھی منسوخ کردی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے نگراں کابینہ اور کابینہ سطح کے عہدوں کا بھی اعلان کیا، نگراں کابینہ کے اراکین عہدوں پر باضابطہ تقرری تک خدمات انجام دیں گے۔
ٹرمپ نے اظہار رائے کی آزادی اور سنسر شپ ختم کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر بھی دستخط کیے۔
صدر ٹرمپ نے ٹاک ٹاک سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو آرڈر ٹک ٹاک کو خریدنے یا بند کرنے کا اختیار دیتا ہے، ہم نے ٹک ٹاک ڈیل کی اور چین نے توثیق نہیں کی تو چین پر ٹیرف عائد کرسکتے ہیں۔
ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کو اگلے 75 دن تک ٹک ٹاک پر کوئی کارروائی نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک سے متعلق ڈیل کر بھی سکتا ہوں، ٹاک ٹاک ڈیل کی تو اس کی 50 فیصد ملکیت حاصل کرنا ہوگی، ڈیل نہیں کی تو ٹک ٹاک کسی کام کا نہیں رہے گا۔
ٹرمپ نے جسٹس ڈپارٹمنٹ کو 6 جنوری حملے سے متعلق تمام مؤخر کیسز ختم کرنے کا بھی حکم دیا اور امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت سےعلیحدہ ہونےکے آرڈر پر بھی دستخط کردیے۔