کیا ثانیہ مرزا نے نئے جیون ساتھی کا انتخاب کرلیا؟
دبئی: بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
ثانیہ مرزا اور متحدہ عرب امارات کے بزنس ٹائیکون عدیل ساجن کے درمیان ممکنہ تعلقات کے حوالے سے افواہیں گردش کررہی ہیں۔
عدیل ساجن ایک مشہور ارب پتی بزنس مین ہیں، جو دبئی میں ثانیہ کے ولا کو ڈیزائن کررہے ہیں۔ یہ افواہیں زوروں پر ہیں کہ ان دونوں کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات کے علاوہ بھی کچھ اور ہوسکتا ہے۔
بھارتی بزنس ٹائیکون رضوان ساجن کے بیٹے عدیل ساجن متحدہ عرب امارات میں ایک نجی گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں اپنے پُرتعیش طرز زندگی کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
عدیل ساجن کی مجموعی دولت کی مالیت 1.3 بلین ڈالر ہے جب کہ ان کا گروپ پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک ہے اور ٹینس ٹورنامنٹس اور فلم فیئر ایوارڈز کو بھی اسپانسر کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا اس وقت اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں۔ ثانیہ مرزا اور عدیل ساجن نے ان افواہوں کے جواب میں فی الحال خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ثانیہ مرزا کے بھارتی کرکٹر محمد شامی کے ساتھ تعلقات ہیں، تاہم بعد میں ان افواہوں کی تردید کردی گئی تھی۔