سی پیک پاک چین کیلئے معاشی ترقی کا جامع خاکہ ہے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

کراچی: سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے چین شان زینگ گروپ کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ اس تقریب میں چین کے اعلیٰ عہدیداران، نجی شعبے کے نمائندگان، اور معزز مہمان شریک تھے۔
سینیٹر مانڈوی والا نے اپنے خطاب میں پاک چین تعلقات کو "خالص دوستی” اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جو معاشی، فوجی، اور ثقافتی شعبوں میں مضبوطی سے قائم ہیں۔
انہوں نے سی پیک کے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک راہداری نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے لیے معاشی ترقی کا ایک جامع خاکہ ہے۔ انہوں نے سی پیک کے تین مراحل (2015-2030) پر روشنی ڈالی، جن میں ابتدائی منصوبوں سے لے کر پائیدار ترقی اور صنعتی استعداد کو بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔
سینیٹر مانڈوی والا نے کہا کہ سی پیک چینی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے، خاص طور پر انفرا اسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، مینوفیکچرنگ اور آئی ٹی کے شعبوں میں۔ انہوں نے کہا، سی پیک دونوں ممالک کے لیے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی منڈیوں کو جوڑنے کا ایک سنہری موقع ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ ان کی سرمایہ کاری محفوظ اور منافع بخش ہوگی۔ انہوں نے کہا، چینی تاجروں کی سلامتی پاکستان کے لیے اتنی ہی اہم ہے جتنی پاکستانی تاجروں کی۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے گوادر بندرگاہ، قراقرم ہائی وے اور دیگر بڑے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان میں اقتصادی ترقی اور خطے میں رابطے کو مضبوط کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے سی پیک کے تحت علم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بھی زور دیا اور کہا کہ چینی ماہرین کے تعاون سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی ممکن ہورہی ہے۔
اپنے خطاب کے آخر میں، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ سی پیک کے تحت موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔ انہوں نے کہا، سی پیک پاک چین دوستی کی عملی مثال ہے اور دونوں ممالک کے لیے ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔