صائم کی پھر سنچری، پاکستان کے ہاتھوں جنوبی افریقا وائٹ واش
جوہانسبرگ: پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقا کو 35 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا۔
سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 308 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 271 رنز بناکر 42 ویں اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ بارش رکنے کے بعد ٹاس ہوا تو جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
میچ شروع ہونے کے بعد دوبارہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا اور 3 اوورز کم کردیے گئے۔
قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹ پر 308 رنز بنائے۔
اننگز تاخیر سے شروع ہونے پر پاکستان کا ایک رن کم ہوگیا اور جنوبی افریقا کو 308 رنز کا ہدف ملا۔
اوپنر صائم ایوب نے 101 رنز کی اننگز کھیلی، صائم ایوب نے سنچری 91 گیندوں پر بنائی، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 53 اور بابراعظم نے 52 رنز بنائے، نائب کپتان سلمان آغا 48 اور طیب طاہر 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ربادا نے تین، مارکو ینسین اور فوٹیون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے 308 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسن نے 81 رنز اسکور کیے، ریسی وینڈرڈسن 35، ٹونی ڈی زورزی اور مارکو جینسن 26-26 رنز جب کہ کوبن بوش 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 8 اوورز میں 52 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ صائم ایوب اور محمد حسنین کے حصے میں 1-1 وکٹ آئی۔
جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔طیب طاہر، محمد حسنین اور سفیان مقیم پلیئنگ الیون میں شامل کیے گئے جب کہ عرفان نیازی، حارث رؤف اور ابرار کو ڈراپ کیا گیا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ میچ جنوبی افریقا کا سالانہ پنک ڈے میچ تھا، اس روز افریقی ٹیم گلابی رنگ کی کٹ میں کھیلتی ہے اور اس دن کو چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔