صائم کی سنچری، پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو مات دے دی
پارل: صائم ایوب کی شاندار سنچری اور سلمان علی آغاز کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔
3 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقا کے شہر پارل میں کھیلا گیا جہاں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ہینرک کلاسن نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ریان ریکلٹن 36، ایڈن مارکرم 35 اور ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔ مارکو یانسن 10 اور وین ڈر ڈوسین 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبز اور اینڈائل فیلوکوائیو ایک ایک رن بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ابرار احمد نے 2، صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 2 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے ایک اور کامران غلام نے 4 رنز بنائے۔
اس موقع پر اوپنر صائم ایوب نے شاندار اننگز کھیلی اور آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔ صائم ایوب نے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور 201 رنز کے مجموعی اسکور پر 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد آنے والے عرفان خان نے ایک رن بنایا جب کہ شاہین آفریدی کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر سلمان علی آغا نے ذمے داری سے اننگز جاری رکھی اور نسیم شاہ کے ساتھ مل کر آخری اوور میں ٹیم کو فتح دلوادی۔ سلمان علی آغا 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نسیم شاہ بھی 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا اور اوٹنیل بارٹمین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سلمان علی آغا کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔