کرغزستان کے صدر نے وزیراعظم عقیل بیگ کو عہدے سے ہٹادیا
بشکیک: کرغزستان کے وزیراعظم عقیل بیگ جعفروف کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغزستان کے صدر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو ایک اور عہدے پر تعیناتی کے لیے برطرف کردیا گیا۔
تاہم حکم نامے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ 2021 سے وزیراعظم کے فرائض انجام دینے والے عقیل بیگ جعفروف کو اب کون سا نیا عہدہ دیا جائے گا۔
البتہ صدارتی بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عقیل بیگ جعفروف کی برطرفی کے بعد اس عہدے کو فرسٹ ڈپٹی پرائم منسٹر کے عہدے پر کام کرنے والے عادل بیگ سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ وزیراعظم عقیل بیگ نے نامعلوم وجوہ کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اپنی آزادی کے سال1991 سے تاحال کرغزستان سیاسی عدم استحکام اور حکومتی بحران کا شکار ہے۔