مسیحی امیدوار عروسہ اعظم کی سی ایس ایس اسپیشل کے تحریری امتحان میں کامیابی

کراچی: مسیحی امیدوار عروسہ اعظم نے سی ایس ایس اسپیشل کے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کرلی، یہ امتحان پانچ مراحل پر مشتمل ہوتا ہے، تحریری امتحان اس کا دوسرا اور اہم ترین مرحلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ایس ایس اسپیشل 2023 کے تحریری امتحان میں 15ہزار 245 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں 519 کامیاب ہوئے، ان میں سے 11 کا تعلق اقلیتی طبقے سے ہے، جن میں سے تین خواتین ہیں، ان میں سے عروسہ اعظم اکلوتی مسیحی خاتون امیدوار ہیں۔
عروسہ اعظم نے سینٹ پیٹرک اسکول کراچی سے میٹرک کرنے کے بعد سینٹ جوزف کالج سے ایف ایس سی اور این ای ڈی یونیورسٹی سے الیکٹرانکس میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، یہ عروسہ اعظم کی سی ایس ایس اسپیشل امتحانات میں چوتھی کوشش تھی، وہ دفتر خارجہ میں خدمات انجام دینے کی خواہش مند ہیں، اس میدان میں وہ معروف سفارت کار مارٹن سیموئیل برق کی معترف ہیں، جنہوں نے پاکستان کے لیے 11 ممالک میں خدمات سرانجام دیں۔ اس سفر میں انہیں اپنے اہل خانہ کا بھی بھرپور ساتھ حاصل رہا۔
یاد رہے کہ عروسہ اعظم معروف سماجی کارکن، مصنف، رئیل اسٹیٹ کے ماہر اور تحریک شناخت کے بانی، اعظم معراج کی صاحب زادی ہیں۔
حکومت پاکستان نے تین دہائیوں سے چھوٹے صوبوں کی بچی ہوئی اسامیوں اور اقلیتوں کے لیے 2010 سے کوٹا مقرر ہونے کے بعد 2023 تک کی اسامیوں پر یہ سی ایس ایس اسپیشل کا امتحان منعقد کرایا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔