کھیل اور سیاست علیحدہ شعبے، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، محسن نقوی
لاہور: پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اور اگر بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔
محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کا کام تیزی سے جاری ہے، قذافی اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہوجائے گا، تمام انکلوژرز قائم رہیں گے، کوئی انکلوژر ختم نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے، باقی باتیں ہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے، ہمارا رابطہ صرف آئی سی سی ہے، ان کے جواب کا انتظار ہے جب کہ بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے، ہم بھارت کے تحفظات دُور کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھے سب اچھے کی امید ہے، کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور رہیں گے، آئی سی سی جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا، ہمیں اپنا کام مکمل کرنا ہے، اس لیے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہاب ریاض مسلسل کام کررہے ہیں کسی کو ہٹایا نہیں تھا اور محمد یوسف کو بھی کہیں نہیں جانے دے رہے، میں کرکٹرز کو اکٹھا کررہا ہوں، جانے کیسے دوں گا، عبدالرزاق بھی میرے لیے بہت اہم ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹور منسوخ نہیں ہوا ابھی ری شیڈول ہوا ہے۔