موسمیاتی تبدیلیوں سے نہ نمٹنے کی قیمت انسانیت کو ادا کرنا پڑے گی، انتونیو گوتریس
باکو: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر کو فنڈنگ کرنا ہوگی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں پر عالمی کانفرنس کوپ 29 سے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے بھی خطاب کیا۔
انتونیو گوتریس نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فنڈنگ پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو انسانیت کو قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کے لیے ادارے کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہم عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک محدود کرنے کے حتمی مرحلے میں ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جی 20 ممالک سے قائدانہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوسل فیولز کو دوگنا کرنا مضحکہ خیز ہے۔
ترقی پذیر ممالک سے بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے فنڈنگ پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس کانفرنس میں موسمیاتی فنڈنگ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو گرا دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنس کا آغاز 11 نومبر سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہوا، جو 22 نومبر تک جاری رہے گی۔