سرحدیں نہ ہوتیں تو ہمارے اداکار بھارت میں ٹاپ پر ہوتے، بشریٰ انصاری
کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھارت میں پاکستانی اداکاروں کی مقبولیت پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
بشریٰ انصاری سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے اکاؤنٹ سے ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جس میں وہ کبھی اپنے فینز کو نصیحت تو کبھی معاشرے میں ہونے والے تازہ واقعات پر گفتگو کرتی ہیں۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری کا ڈرامہ مشہور ہوا جس کی مقبولیت کے چرچے سرحد پار بھی ہوئے۔
ڈرامے میں بشریٰ انصاری، جاوید شیخ کے ساتھ فہد مصطفیٰ، ہانیہ عامر نے اپنی اداکاری سے لوگوں کے دل جیتے۔
حالیہ ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے ڈرامے کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار بھی پاکستانی ڈراموں کو سراہا جارہا ہے، ہمارے اداکار وہاں ہٹ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ سوچتی ہوں اگر یہ سرحدیں نہ ہوتیں اور پاک بھارت کے جھگڑے نہ ہوتے تو ہمارے اداکار وہاں ٹاپ پر ہوتے۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ڈرامے کا کونٹینٹ اہم ہوتا ہے، چاہے کوئی سادے کپڑے پہنے یا بولڈ، اس سے فرق نہیں پڑتا، لوگوں کو مزا تب آتا ہے جب چیز کا کونٹینٹ اچھا ہو۔