کابینہ سے حج پالیسی 2025 منظور، سرکاری حج پیکیج پونے 11 لاکھ کا ہوگا
اسلام آباد: مرکزی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کو پیش کی جانے والی حج پالیسی کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق حج پالیسی کے تحت حج کوٹا گورنمنٹ اسکیم اور پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم ہوگا جب کہ سرکاری حج پیکیج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان ہوگا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد حج درخواستوں کی وصولی کا شیڈول جاری ہوگا اور بینکوں کے انتخاب کے لیے خواہش مند بینکوں سے 25 اکتوبر تک کوائف طلب کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ منظور شدہ ڈرافٹ وزارت مذہبی امور کو بھجوائے گی جس کے بعد وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2025 کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔