ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز قافلے پر دہشتگرد حملہ، 10 اہلکار شہید
ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں 10 اہل کار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا قافلہ ڈی آئی خان سے تھانہ درازندہ کی حدود میں امن میلہ کے قریب زام چیک پوسٹ کی طرف جارہا تھا کہ اچانک فتنۃ الخوارج کے مسلح دہشت گردوں نے بھاری اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
واقعے کے بعد جائے وقوع پر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری روانہ کر دی گئی جب کہ حملے میں شہدا کی میتوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کیا گیا۔
دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمٰن، سپاہی اخوند زادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر مہتاب شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب شامل ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے میں 10 ایف سی کے جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے بلندی درجات اور صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے درازندہ میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے ضلع بنوں میں دہشت گرد حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں ایف سی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے بنوں میں ایس ایچ او تھانہ جانی خیل کی گاڑی اور کوہاٹ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ کے واقعات کی بھی مذمت کی اور حملے میں شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔