عمران کی بہنوں علیمہ اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف ڈی چوک احتجاج کیس میں ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی دونوں بہنوں کی ضمانتیں منظور کی ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی رہائی کی روبکار جاری کردیں، رہائی کی روبکار لے کر پی ٹی آئی وکلاء جوڈیشل کمپلیکس سے جیل کے لیے روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان 4 اکتوبر سے گرفتار تھیں۔