شاہد آفریدی کی شاہین، بابر اور نسیم کو ڈراپ کرنے کے فیصلے کی حمایت
کراچی: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بقیہ 2 میچز میں بابر اعظم، شاہین اور نسیم شاہ کو شامل نہ کرنے پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
شاہد آفریدی کا سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک دینے کے فیصلے کو سپورٹ کرتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان چیمپئن کھلاڑیوں کی حفاظت کرے گا اور ان کا کیریئر بھی طویل ہوگا۔
شاہد آفریدی کے مطابق اس فیصلے سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو گروم اور ان کو ٹیسٹ کرنے کا موقع ملے گا، اس سے مستقبل کے لیے بینچ اسٹرینتھ کو مضبوط بنانے کا موقع بھی ملے گا۔
دھیان رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے اور بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین آفریدی کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ سابق کپتان بابر اعظم سمیت چار ٹاپ کھلاڑیوں کو اس لیے آرام دیا گیا تاکہ وہ نئے سرے سے تازہ دم ہوکر واپس آسکیں۔