شوبز میں کام کرنا چاہتی تھی لیکن شوہر کی انا آڑے آگئی، سعدیہ امام

کراچی: ٹی وی کی سینئر اداکارہ سعدیہ امام نے نجی چینل کے مارننگ شو میں یہ اعتراف کیا ہے کہ شادی کے بعد ان کے شوہر نے انہیں شوبز میں کام کرنے سے روک دیا تھا۔
سعدیہ امام شادی کے بعد طویل عرصے تک شوبز سے دور رہیں، تاہم چند سال سے وہ ٹی وی کے پروگراموں اور شوبز کی تقریبات میں دکھائی دے رہی ہیں۔
اس سے قبل 2020 میں انہوں نے ایک انٹرویو میں اپنے شوبز چھوڑنے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے شوبز کو نہیں چھوڑا اور نہ ہی انہیں ان کے شوہر نے روکا ہے۔
تاہم اب سعدیہ امام نے اس بات کا اقرار کیا ہے کہ ان کے شوہر عدنان حیدر نے اپنی انا کی وجہ سے انہیں شوبز میں کام کرنے سے روک دیا تھا۔
سعدیہ امام نے یہ اعتراف نجی چینل کے مارننگ شو میں کیا، جہاں وہ شادی سے پہلے اور بعد کے معاملات پر خواتین کے مسائل پر بات کررہی تھیں، اس پروگرام میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والی مشکلات کا بھی تذکرہ کیا۔
سعدیہ نے شکوہ کیا کہ وہ شوبز میں مزید کام کرنا چاہتی تھیں اور ان میں ٹیلنٹ تھا لیکن ان کے شوہر نے انہیں کام کرنے سے روک دیا۔ اور اس کی وجہ کچھ بھی نہیں تھی، یہ صرف ان کے شوہر کی انا کے مسئلے کی وجہ سے تھا۔
انہوں نے شادی کے بعد کام کرنے کی خواہش رکھنے والی خواتین کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سماج میں ایک خاص ذہنیت ہے جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور ایسی ذہنیت ٹی وی پروگرامز سمیت دوسرے ذرائع سے تبدیل ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔