سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں برتھ رجسٹریشن سے متعلق آگہی سیشن کا انعقاد
کراچی: ہمارے ہاں اکثر والدین بچوں کی پیدائش کے 5، 10 اور 15 سال بعد تک برتھ رجسٹریشن کے حوالے سے سنگین غفلت برتتے ہیں، آگے چل کر اس ضمن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تناظر میں بچوں کی پیدائش کے فوری بعد اُن کی برتھ رجسٹریشن کرانا ناگزیر معلوم ہوتا ہے۔ اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ کی سطح پر آگہی کے سلسلے جاری ہیں۔
سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی 5 میں یونیسیف، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے برتھ رجسٹریشن اور سول رجسٹریشن کے اہم اعداد و شمار CRVS کے بارے میں آگاہی سیشن کا انعقاد ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید امداد علی شاہ کی نگرانی میں ہوا۔
اس اہم تقریب میں محمد بابر علی (پروجیکٹ منیجر)، ڈاکٹر انیس الرحمان (ایم ایس)، ڈاکٹر اختر (اے ڈی ایچ او)، ریحانہ منظور (بی آر ایف)، ڈاکٹر ثناء فاطمہ نے برتھ رجسٹریشن اور سی آر وی ایس کے بارے میں آگہی سیشن میں سیر حاصل گفتگو کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بچے کے لیے پیدائش کا اندراج بہت ضروری ہے اور اسے بچے کی پیدائش کے فوری بعد رجسٹر کرلینا چاہیے۔ جلد ہی سندھ لوکل گورنمنٹ نوزائیدہ بچوں کی 90 دن (3 ماہ) تک مفت پیدائش کی رجسٹریشن شروع کرے گی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر ثناء فاطمہ کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں والدین کی جانب سے بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کے حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ ان کی پیدائش کو کافی وقت گزر جاتا ہے اور اُن کی برتھ رجسٹریشن ہی نہیں کرائی جاتی، یہ طرز عمل کسی طور مناسب نہیں۔ لہٰذا والدین کو ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی پیدائش کے فوری بعد ہی اُس کی برتھ رجسٹریشن کراںی چاہیے۔