رنز نہ کرنے پر بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کردینا چاہیے، ظہیر عباس

کراچی: ایشین بریڈمین کے نام سے معروف پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس نے بابر اعظم کو ٹیم سے باہر نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بدترین کارکردگی کے بعد بابراعظم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ایک انٹرنیشنل کرکٹ ٹاک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ظہیرعباس نے بابراعظم کی کارکردگی پر کہا بابراعظم کو ٹیم سے ڈراپ کردینا چاہیے۔
سابق کرکٹر ظہیر عباس نے کہا کہ اگر بابر رنز نہیں بنا پارہے کیوں کہ وہ ہمارے اہم بیٹر ہیں، اگر وہ آؤٹ آف فارم ہیں انہیں ٹیم سے بھی باہر نکال دینا چاہیے۔
دوسری جانب سابق کرکٹر ظہیر عباس نے بابر کی حالیہ پرفارمنس دیکھ کر ان کا بھارتی کرکٹر ویرات سے موازنہ بے بنیاد قرار دیا۔
ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ ویرات اور بابر کا موازنہ بے معنی ہے، ویرات ہر میچ میں رنز کرتے ہیں جب کہ بابر ہر میچ میں رنز نہیں کرتے تو آپ دونوں کا موازنہ کیسے کرسکتے ہیں؟
خیال رہے کہ ظہیر عباس کے بابر سے متعلق ریمارکس ان کے حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف دی گئی خراب کارکردگی پر سامنے آئے ہیں، بابر نے بنگلادیش کے خلاف اپنی4 اننگز میں صفر، 22، 11 اور 31رنز بنائے تھے، اس سیریز میں پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خراب کارکردگی کے باعث بابر اعظم کئی سال میں پہلی دفعہ ٹاپ10 بیٹرز کی رینکنگ سے بھی باہر ہوئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔