چوتھی نہیں تیسری شادی کی، صنم ماروی کی وضاحت
کراچی: صوفی گلوکارہ صنم ماروی اور اُن کے شوہر خبیب قریشی نے چوتھی شادی کی خبروں پر ردعمل دے دیا۔
صنم ماروی نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اُنہوں نے ایک بار پھر شادی کرلی ہے اور اس بار وہ اپنی ازدواجی زندگی سے بہت خوش ہیں۔
اُن کے اس انکشاف کے بعد مداح سمیت کئی نیوز آؤٹ لیٹس اس کشمکش کا شکار ہوگئے تھے کہ صنم ماروی نے تیسری شادی کی یا پھر چوتھی؟ کیونکہ گزشتہ سال یہ خبر سامنے آئی تھی کہ دوسرے شوہر سے خلع کے بعد، صنم ماروی نے خبیب نامی شخص سے خفیہ نکاح کرلیا تھا لیکن سال 2023 میں اُنہوں نے تیسرے شوہر سے بھی علیحدگی اختیار کرلی۔
اس خبر پر صنم ماروی کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا لیکن یہ خبر پاکستانی میڈیا کی سرخیوں میں آگئی تھی اور اسی خبر کی وجہ سے اب نیوز آؤٹ لیٹس غلط فہمی کا شکار ہوگئیں کہ گلوکارہ نے تیسرے شوہر سے طلاق کے بعد اس بار چوتھی شادی کی ہے۔
تاہم، اب صنم ماروی اور اُن کے شوہر نے شادی سے متعلق غلط فہمی دور کرنے کے لیے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔
صنم ماروی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں سندھی زبان میں تحریر تھا کہ چوتھی شادی سے متعلق پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
دوسری جانب گلوکارہ کے شوہر خبیب قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں صنم ماروی کا تیسرا شوہر ہوں، میرا نام ہی خبیب نواز ہے اور مجھ سے صنم کی چوتھی شادی نہیں بلکہ تیسری شادی ہوئی ہے اور ہم دونوں ایک ساتھ بہت خوش ہیں۔
خبیب نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک بیٹے سے بھی نوازا ہے جس کا نام محمد قائم دین قریشی ہے، میڈیا سے گزارش ہے کہ پہلے خبر کی تحقیق کرلیا کریں۔
خیال رہے کہ صنم ماروی نے 18 سال کی عُمر میں پہلی شادی کی تھی، اُن کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو سال 2009 میں کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔
آفتاب احمد کے قتل کے وقت صنم ماروی اپنے پہلے بچے کی اُمید سے تھیں، پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد گلوکارہ نے اپنی خالہ کے بیٹے حامد خان سے دوسری شادی کرلی تھی جن سے اُن کے تین بیٹے ہیں جو اب اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں۔