کوئٹہ: دہشت گردوں نے 23 مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کردیا
کوئٹہ: موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ لگا کر مختلف گاڑیوں سے مسافروں کو اتارا اور 23 مسافروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق بین الصوبائی شاہراہ پر راڑہ شم کے قریب مسلح افراد نے ناکہ لگاکر مذموم کارروائی کی۔
مسلح افراد نے ٹرکوں اور بسوں سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو اتارا اور پھر انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ایس پی موسیٰ خیل کے مطابق مسلح افراد نے فرار ہونے سے قبل 10 سے زائد گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ لیویز حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔