بہت درد سے گزری، اللہ سے جڑنا خوبصورت احساس ہے، نور بخاری
لاہور: فلموں کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے زندگی میں آنے والی تبدیلی اور روحانی سفر کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک چیز نے میرا دل توڑ دیا تھا اور میں نے اللہ سے جڑنے کا فیصلہ کیا۔
نور بخاری نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے روحانی سفر اور مذہب سے جڑنے کے حوالے سے بات کی۔
نور بخاری نے کہا کہ اللہ نے مجھے سب کچھ دیا، لیکن میں کچھ غلط کررہی تھی، میں اللہ کے حکم پر نہیں چل رہی تھی، میں بہت درد سے گزر رہی تھی، میری بہن مجھے ڈاکٹر محمد جاوید کے پاس لے گئی جہاں میری تھراپی ہوئی اور میں ٹھیک ہوگئی۔
نور کا کہنا تھا کہ پھر زندگی میں ایک تبدیلی آئی، ایک چیز سے میرا دل بری طرح ٹوٹا اور پھر میں نے اللہ سے جڑنے کا فیصلہ کیا، آپ کو اللہ کے قریب ہونے کے لیے صرف ایک وجہ کی ضرورت ہے، اس وقت میں نے سوچا کہ میں نے اپنے گھر والوں، دوستوں اور شوہر سمیت سب کو خوش کردیا ہے، اس سب کے باوجود میرے لیے کچھ بھی کام نہیں کررہا تھا، میں نے سب کی خدمت کی اور پھر اللہ کو راضی کرنے کا فیصلہ کیا۔
نوری بخاری نے مزید کہا کہ میں نے ہر جگہ اللہ کو تلاش کیا، تمام مجالس اور روحانی لوگوں کے پاس بھی گئی لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ مجھے اللہ ڈاکٹر جاوید سے ملا ہے، میں پھر ان کے پاس گئی اور کہا، مجھے اللہ چاہیے، اس کے بعد میرا مذہبی سفر شروع ہوا۔ اللہ کے جڑنے سے سکون ملا۔
نور بخاری کا کہنا تھا کہ اللہ سے جڑنا ایک خوبصورت احساس ہے، میں قرآن پڑھتی ہوں اور سب سے اچھی چیز تب ہوتی ہے جب اللہ آپ کو نبی پاکﷺ اور اہل بیت کی محبت سے نوازتا ہے اور یہ ہی میرا روحانی سفر ہے۔