9 مئی دلخراش ترین واقعہ، علماء معاشرے میں تقسیم در تقسیم کا خاتمہ کرائیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جتنا تعاون حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان آج ہے، پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور سپہ سالار بھی مشاورت میں شامل ہیں، تمام امور پر سیاسی حکومت اور ہمارے ادارے یکسو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آج سنگین معاشی حالات ہیں، جن کا ذکر آرمی چیف نے بھی کیا ہے، حافظ قرآن سپہ سالار کی جامع گفتگو ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شہداء کی بے حرمتی کی جارہی ہے، 9 مئی سے زیادہ دل خراش واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، وہ جو پاکستانی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس لبادے میں دشمنی کررہے ہیں ان کو پہچاننا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ علماء پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ معاشرے میں تقسیم در تقسیم کا خاتمہ کرائیں، پاکستان کو قومی یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، علماء سے لائق طبقہ کوئی نہیں جو امن کا پیغام لے کر چلے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ غریب آدمی کے بجلی بل میں کمی لانے کی پوری کوشش ہورہی ہے، پاور سیکٹر میں میری دن رات میٹنگز ہوتی ہیں، آئی ایم ایف کے پروگرام میں خوشی سے نہیں جارہے، یہ مجبوری ہے، خدا کرے یہ آئی ایم ایف کا ہمارا آخری پروگرام ہو۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔