خاتون نجومی کی اگلے امریکی صدر سے متعلق پیش گوئی
واشنگٹن: امریکا کے موجودہ صدر جوبائیڈن کے انتخابی مہم سے دستبردار ہونے کی تاریخ کی درست پیش گوئی کرنے والی نجومی نے اگلے امریکی صدر سے متعلق بڑا انکشاف کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ نجومی ایمی ٹرپ کا کہنا ہے کہ ستاروں کے مطابق امریکا کے اگلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوسکتے ہیں۔
ایمی ٹرپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پیشہ ورانہ کامیابی کے عروج پر ہیں، انہیں آنے والے دنوں میں مزید غیر معمولی چیزوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایمی ٹرپ نے یہ بھی پیش گوئی کی تھی کہ کملا ہیرس 2024 میں امریکی صدر کے لیے انتخاب لڑیں گی۔
خاتون نجومی نے کہا کہ جوبائیڈن بہت بوڑھے ہیں اور انہیں مستقبل قریب میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جوبائیڈن کو کسی قسم کے صحت کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے یا ان کی صحت مسلسل گرسکتی ہے۔
ایمی ٹرپ نے یہ بھی پیش گوئی کی کہ امریکا میں اگست کا مہینہ مشکل ہوسکتا ہے اور آگے مزید سیاسی بدامنی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان 21 جولائی کو کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں جوبائیڈن نے کہا تھا کہ بقیہ مدت صدر کے طور پر فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ اپنے فیصلے کے بارے میں اس ہفتے قوم سے بات کروں گا، میری دستبرداری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔
قبل ازیں خاتون نجومی ایمی ٹرپ نے جوبائیڈن کے 21 جولائی کو انتخابی مہم سے دستبردار ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔