سستی ناقابل برداشت، کمر کس لیں مسائل حل کرنا ہے، وزیراعظم کا کابینہ کو انتباہ

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کو وارننگ دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور سستی سے کام کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے وزارتوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی نے سستی سے کام لیا توبرداشت نہیں کروں گا، کمر کس لیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہے، اپنے ٹائم کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، فیصلوں پر عمل درآمد اور نفاذ کرنا ہوگا، سب نے ٹارگٹ پورے کرنے ہیں، آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف صرف باتوں سے پورا نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ ٹیوب ویل تیل پر چل رہے ہیں، ملک میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کا تیل استعمال ہوتا ہے، ہم نے بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں سورج کی روشنی سے فائدہ لینا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے، وہاں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، ہم نے کل 50 ارب روپے ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگاکر 200 یونٹ والوں کو 3 مہینے کے لیے ریلیف دیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ پر 1200 ارب کی چوری ہورہی ہے، پی این ایس سی کے 12 جہاز ہیں اور 5 ارب روپے کی تنخواہیں ہیں جب کہ 5 ارب ڈالر فریٹ چارجز ادا کرتے ہیں، کسی کو پروا نہیں، کیا ہمیں اور جہاز نہیں لینے چاہئیں؟ یہ پیسہ بچے گا تو دیگر منصوبوں پر لگ سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور تاجکستان کے دورے میں دیگر ممالک کے سربراہان سے اچھی بات چیت ہوئی، روسی حکام سے بھی سرمایہ کاری پر جامع گفتگو ہوئی، زراعت اور پٹرولیم فیلڈ میں نئی ٹیکنالوجی لانی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔