نئی تاریخ رقم: گمبٹ میں ہائبرڈ کورونری ریواسکولرائزیشن سے دل کی کامیاب سرجری
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں عارضہ قلب کے کامیاب آپریشن پر گمبٹ کے ماہرین کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم کامیابی ہے۔
گمبٹ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے پہلی مرتبہ ہائبرڈ کورونری ریواسکولرائزیشن کے ذریعے تھری ویسل کورونری آرٹری ڈیزیز کے مریض کا کامیاب آپریشن کیا جو ہمارے عزم کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلا ہائبرڈ کورونری ریواسکولرائزیشن سرجری کامیابی کے ساتھ انجام دینے پر گمبٹ کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ ہائبرڈ کورونری ریواسکولرائزیشن کا LIMA سے LAD گرافٹ اور بائیں سرکم فلیکس کورونری شریان کی اسٹینٹنگ کی بیک وقت کامیابی بڑی خوشخبری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریض بالکل ٹھیک اور تیزی سے ریکور ہورہا ہے۔ میں صحت کے شعبے خصوصاً ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی اور ان کی پوری ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کارڈیک سرجری ٹیم پروفیسر مدثر اقبال ڈار، ڈاکٹر ہوش محمد، ڈاکٹر محمد فرحان خان، کارڈیولوجی ٹیم کے ڈاکٹر نیاز حسین، ڈاکٹر سید جعفر شاہ، ڈاکٹر خالد حسین اور اینستھیزیا ٹیم کے ڈاکٹر اشفاق احمد، ڈاکٹر شکیل احمد کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔