مومل خالد عثمان نے دین کے لیے اداکاری چھوڑ دی
کراچی: پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ مومل خالد عثمان نے دین اسلام کے لیے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
انسٹاگرام پر اداکارہ کی تمام نئی تصاویر حجاب کے ساتھ ہیں اور وہ مختلف علمائے کرام کے بیانات بھی اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں۔
ایک پوسٹ پر مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ دوبارہ ڈراموں میں کب واپس آئیں گی تو مومل نے بتایا کہ وہ اب شوبز میں کام نہیں کریں گی۔
26 سالہ مومل خالد نے اپنے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی ڈرامے خودغرض سے کیا جب کہ بے چاری قدسیہ اور میرے ہم نشیں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خیال رہے کہ 2017 میں مومل کی شادی عثمان پٹیل سے ہوئی اور اب ان کے دوبچے ایک بیٹا اور بیٹی بھی ہیں۔