مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس صحت مند افراد کے لیے نقصان دہ قرار
بیجنگ: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ صحت مند افراد جو روزانہ مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کھا رہے ہیں، ممکنہ طور پر یہ ان کے لیے فائدہ مند نہیں بلکہ مضر ہے۔
چین کی سُن ییٹ-سین یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ صحت مند دل رکھنے والے افراد کا مچھلی کے تیل سے بنے سپلیمنٹ کا مستقل استعمال پہلی بار ہونے والے قلبی مرض یا فالج کے خطرات میں اضافہ کرسکتا ہے۔
تاہم، طویل مدتی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مچھلی کا تیل ان افراد کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے، جو دل کے عارضے کا شکار ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق صحت مند افراد کا ان سپلیمنٹ کا لینا ان میں ایٹریل فبریلیشن کے خطرات میں 13 فیصد تک اضافہ کردیتا ہے۔ دل کے دھڑکن کی یہ کیفیت دل کے دورے اور فالج کے خطرات میں اضافہ کرتی ہے جب کہ ان کے فالج کے خطرات میں 5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
جامعہ سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹ کے بے یقینی قلبی فوائد اور منفی اثرات کی وجہ سے ان کے استعمال کے متعلق تنبیہ کرتے ہیں۔