تمام بورڈز امتحانات منسوخ، تعطیلات میں 15 جولائی تک توسیع!
اسلام آباد: مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس بات کا اعلان وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے وزیراعظم کے ساتھ میڈیا کو بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کے خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو مزید ڈیڑھ ماہ کے لیے بند کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ جون اور جولائی میں امتحانات لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام ہونے والے تمام امتحانات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ طلبہ کو پچھلے امتحانات کی بنیاد پر ہی پروموٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کر دیے گئے ، پچھلے امتحانات کی بنیاد پر ہی طلبہ کو پروموٹ کیا جائے گا۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو سابق نتائج پر پروموٹ کیا جائے گا۔ یونیورسٹیوں میں داخلہ 11ویں جماعت کے نتائج پر ملے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر صوبوں میں یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا۔ پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت جب کہ خیبر پختونخوا نے حمایت کی تھی۔