امن وامان سے متعلق اجلاس، صدر کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

کراچی: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت آج کراچی میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سمیت انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کراچی کے حالات بالخصوص سندھ بھر میں کچے کے ڈاکوؤں کا معاملہ زیر بحث لایا گیا، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کچے میں جو بھی اغوا میں ملوث ہیں اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ پولیس افسران کو ٹینیور دے کر ان سے بھرپور کام لیں، پولیس افسران کو اس صورت تبدیل کریں جب وہ امن وامان کی صورت حال میں ناکام ہوں۔
صدر زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو واضح احکامات دیے کہ زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، میں کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا، انہوں نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق سے جو بھی اسلحہ اور دیگر سہولتیں چاہئیں وہ مہیا کروائیں گے، صدر مملکت نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کو اسلحہ اور دیگر سہولتوں کے لیے ضروری اپروولز کروائیں۔
سینئر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ نارکوٹکس شرجیل میمن نے صدر مملکت کو منشیات کے حوالے سے آپریشن پر بریفنگ دی۔
دریں اثنا وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے امن و امان کے اجلاس کے فیصلے کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کراچی میں اجلاس کرے گا تو عوام میں اعتماد بڑھے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔