کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔
یہ باتیں وزیراعظم عمران خان نے کہیں، سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم سے ملاقات کی، اس دوران مسلم ممالک کے مابین تہذیب و ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کو کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کے مثبت ردعمل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات، تاریخ و تمدن اور اسلامی معاشروں کے خصائل کو اجاگر کرنے میں ہمارے ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں دکھی اور مشکل میں گھری ہوئی انسانیت کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، پاکستانی خواہ دنیا کے کسی بھی کونے میں مقیم ہوں مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے اہلیان وطن کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ انسانیت کی خدمت کا یہی جذبہ ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے۔