بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ ہر صورت جیالا ہی ہوگا، آصف زرداری
اسلام آباد: پی پی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نیا وزیراعلیٰ ہر صورت ایک جیالا ہی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا بلوچستان کے نومنتخب ارکان اسمبلی سے مشاورتی اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آصف زرداری کی زیر صدارت ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بلوچستان کے نومنتخب ایم پی ایز اور سینئر قیادت نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں آصف زرداری کا کہنا تھا، بلوچستان میں نیا وزیراعلیٰ ہر صورت ایک جیالا ہی ہوگا، دوسری جانب پیپلز پارٹی بلوچستان نے اتحادی حکومت بنانے کے لیے بات چیت کا اختیار آصف زرداری کو دے دیا ہے۔