تماشائیوں کے بغیر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بے مقصد ہوگا، معین خان
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے پوری دنیا متاثر ہےاور کچھ یہی حالات پاکستان کے بھی ہیں ،کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہونے میں وقت لگے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہوا تو اس میں تماشائی بھی ہوں گے ورنہ ورلڈ کپ نہیں ہوگا ، معین خان نے کہا کہ بغیر تماشائیوں کے ورلڈ کپ کرنا کوئی آپشن نہیں ۔
سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کے لیے بنیادی ایکسرسائز کرتے رہیں، جس کے لیے کوئی بڑی جگہ درکار نہیں ، یہ کام اپنے کمرے میں رہ کر بھی کرسکتے ہیں۔
معین خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پلیئرز کی آن لائن ٹریننگ کے پروگرامز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کو خود کو تیار رکھنے میں کافی مدد ملے گی۔