میٹا کو مارک زکر برگ کی موت کے خدشات نے آگھیرا
نیویارک: فیس بک اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کو اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکر برگ کی موت کے خدشات نے آگھیرا۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق میٹا نے گزشتہ ہفتے جاری کی گئی فنانشل رپورٹ میں زکر برگ سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او میٹا کی خطروں سے بھری سرگرمیاں ان کی موت کا سبب بن سکتی ہیں، مارک زکر برگ ان ہی سرگرمیوں کے باعث اپنی ٹانگ بھی تڑوا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل مارک زکربرگ کو مارشل آرٹس کی ٹریننگ کے دوران گُھٹنے پر شدید چوٹ آئی تھی، جس کے بعد انہیں سرجری کے مرحلے سے گزرنا پڑا تھا۔
تاہم اب اس حوالے سے میٹا کی تازہ ترین فنانشل رپورٹ میں سی ای او مارک زکربرگ کے خطروں سے بھری سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مارک زکر برگ کمپنی کے لیے ممکنہ خطرہ بن سکتے ہیں، ان کا لائف اسٹائل کمپنی کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
میٹا کے مطابق زکر برگ کے خطروں سے بھرپور مشاغل مثلاً مکسڈ مارشل آرٹس (MMA)، ایکسٹریم اسپورٹس ایک ذاتی چوائسز نہیں بلکہ میٹا اور اس کے سرمایہ کاروں کے لیے خطرے کا سبب ہیں۔
شائع شدہ سالانہ رپورٹ میں میٹا نے نشان دہی کی کہ مارک زکر برگ سمیت انتظامیہ کے متعدد ارکان خطروں سے بھری سرگرمیوں کا حصہ ہیں، تفریح کی غرض سے منتخب جنگی کھیل یہاں تک کہ تفریحی ہوا بازی جیسی سرگرمیاں ان کے لیے سنگین چوٹ یا پھر موت کا باعث بن سکتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ زکر برگ یا انتظامیہ کا کسی بھی وجہ کی بنا پر دستیاب نہ ہونا کمپنی پر منفی اثر مرتب کرسکتا ہے۔
مارک زکر برگ کی سرگرمیوں سے متعلق پائے جانے والے ممکنہ خطرات کے باوجود میٹا نے اپنی رپورٹ میں گزشتہ برس کی چوتھی سہ ماہی کے دوران 3 گنا منافع کا اعلان کیا ہے۔