ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلی کی ضرورت نہیں، شاہد آفریدی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھرپور انداز میں تیاریاں کی جائیں، صرف بھارت سے میچ کو مقابلہ سمجھ لینا درست نہیں اور اب ٹیم کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی نہ لائی جائے۔
سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ میں بہت اچھی اور مضبوط ٹیمیں موجود ہیں، صرف بھارت سے مقابلے کو عالمی کپ سمجھ لینا درست نہیں، عالمی ایونٹ کے لیے اب پاکستان ٹیم میں تبدیلی کا وقت نہیں اس لیے ٹیم کے کمبی نیشن میں کسی قسم کی تبدیلی لانے کی ضرورت نہیں، البتہ تیاریوں کے لیے کیمپ لگائے جانے چاہئیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ عالمی کپ بہت سے کھلاڑیوں کا امتحان ہے، البتہ سینئرز پر ذمے داری ہوگی، پاکستان ٹیم کا صرف ایک کپتان بنایا جائے تاکہ اس معاملے پر لڑائی کا سلسلہ ختم ہو، ہر فارمیٹ کے لیے الگ الگ قیادت کرنے والا نہ ہو جب کہ نائب کپتان کا تصور ہی درست نہیں، سینئر کھلاڑی کو میدان میں کپتان کا معاون بنایا جاسکتا ہے، اس کے ساتھ ہی کپتان کی مدت کا تعین ہونا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں ناقص فیلڈنگ قدیم مسئلہ ہے، فیلڈنگ کے علاوہ بولنگ اور بیٹنگ پر بھی توجہ کی ضرورت ہے، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں پاکستان کو کامیابی حاصل کرنی چاہیے تھی، ان مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم ایک یونٹ کی طرح نظر نہیں آئی، کھلاڑیوں کو آزمانے کے لیے تجربات کیے جاتے رہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھانا کھلاڑی کی ذمے داری ہوتی ہے، اعظم خان اور صائم ایوب سمیت دیگر نئے کھلاڑیوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، یہ قومی ٹیم کا مستقبل ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کو وقت ملنا چاہیے جبکہ ان کو کھلانے کے حوالے سے مناسب منصوبہ بندی کی جائے، کسی بھی کھلاڑی کو متواتر کھلانے کا عمل درست نہیں، ایسا بھی نہ ہو کہ اگر بابر اعظم، محمد رضوان یا شاہین افریدی جیسے کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا جائے تو ان کا متبادل ہی نہ ہو، قومی ٹیم کے بینچ کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر اچھا متبادل کھلاڑی دستیاب ہو۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں نمبر تین کا مطلب اوپنر ہی ہوتا ہے، فخر اور صائم جیسے کھلاڑیوں کو اوپننگ کرنی چاہیے، اللہ کرے صاٸم کی فارم واپس آجاٸے، اس میں بہت ٹیلنٹ ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کپتان حفیظ نے بہت کرکٹ کھیلی ہے اسے بطور ڈائریکٹر کرکٹ وقت دینا چاہیے، اگر آپ سمجھتے ہیں ایک سیریز میں حفیظ سب ٹھیک کردے گا ایسا بالکل نہیں ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔