پہلی اہلیہ 15 سال بڑی، زندگی کی طرف واپس لائیں، فہد مرزا کے انکشافات

کراچی: اداکار اور معروف سرجن فہد مرزا نے اپنی اہلیہ ثروت گیلانی سے بریک اَپ اور اپنی پہلی شادی اور طلاق سے متعلق ہوش رُبا انکشافات کیے ہیں۔
ڈاکٹر فہد مرزا نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں جب 25 سال کا تھا تو اُس وقت ثروت گیلانی اور میرے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے، وہ اختلافات اس قدر بڑھ گئے کہ ہم دونوں کا بریک اَپ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ثروت سے بریک اَپ کے بعد بُری طرح ٹوٹ گیا تھا اور ایک وقت ایسا آیا کہ میرے پاس فون کرنے اور سگریٹ پینے تک کے لیے پیسے نہیں تھے، میں صوفے پر بیٹھ کر بہت رویا اور اللہ سے دُعا کی کہ کسی کو میری زندگی میں بھیج دیجیے جو مجھے سنبھال سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی دوران میری ملاقات ایک خاتون سے ہوئی جو مجھ سے 15 سال بڑی تھیں، اُس خاتون نے میرا بہت ساتھ دیا، میں نے اُن سے شادی کرلی کیونکہ اگر میں اُس خاتون سے شادی نہیں کرتا تو پاکستان چھوڑ کر امریکا چلا جانا تھا اور آج پوری دنیا میں میری جو پہچان ہے وہ کبھی نہ ہوتی۔
فہد مرزا نے اپنی پہلی اہلیہ کا نام لیے بغیر کہا کہ جب میں نے اُن سے شادی کی تو سب نے مجھے بہت طعنے دیے، سب نے کہا کہ تم نے پیسوں کی وجہ سے 15 سال بڑی خاتون سے شادی کی، مجھے ناکارہ کہا گیا، طعنے دیے، میں نے تنگ آکر اپنے والدین کا گھر چھوڑ دیا اور اہلیہ کے گھر رہنے لگا۔


انہوں نے کہا کہ میری پہلی اہلیہ نے مجھے بہت سپورٹ کیا، میں لائبریری جاتا تھا تو میری اہلیہ اور اُن کی والدہ میرے لیے کھانا پکاکر بھیجتی تھیں، مجھے ہمت دیتی تھیں، میں نے سول اسپتال میں ماہانہ 12 ہزار سے ملازمت شروع کی اور اپنی محنت جاری رکھی۔
اُنہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اُن کی پہلی اہلیہ عُمر میں 15 سال بڑی ہونے کے ساتھ، اُن کے پہلے شوہر سے تین بچے تھے۔
فہد مرزا نے کہا کہ پھر ہم دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی اور بعد میں ثروت گیلانی سے شادی کرلی، آج اپنی ازدواجی زندگی میں بہت خوش ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بے شک! پہلی اہلیہ سے طلاق ہوگئی لیکن میں آج بھی اُن کا بہت شکر گزار ہوں کیونکہ اُنہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا، مجھے واپس زندگی کی طرف لائیں اور میں ہمیشہ اُنہیں اچھے لفظوں میں یاد کرتا ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اگر اُس وقت پاکستان چھوڑ کر چلا جاتا تو آج پوری دُنیا میں میری جو پہچان ہے وہ کبھی نہ ہوتی، آج امریکا سے مریض پاکستان آتے ہیں اور مجھ سے علاج کرواتے ہیں۔
ڈاکٹر فہد مرزا کی موجودہ اہلیہ معروف اداکارہ ثروت گیلانی ہیں، اس جوڑے کے تین بچے بھی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔