سڈنی ٹیسٹ: پہلے روز پاکستان پہلی اننگز میں 313 رنز پر آؤٹ

سڈنی: تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنالیے۔

پاکستان کی جانب سے 313 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر کینگروز نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنالیے ہیں۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے کے لیے آنے والے دونوں ہی بیٹر عبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

عبداللہ شفیق دو گیندیں کھیلنے کے بعد اسٹارک کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ صرف دو ہی گیندیں کھیلنے کے بعد صائم ایوب بھی ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں کیچ تھماکر پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ پاکستان کو پانچواں نقصان سعود شکیل کی صورت میں ہوا جو 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، 5 وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سلمان علی آغا نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

9 وکٹیں گرنے کے بعد عامر جمال نے میر حمزہ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور شاندار نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، عامر جمال نے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناتھن لیون کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مچل اسٹارک نے دو وکٹیں لیں، ایک ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش اور ناتھن لیون نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون سے امام الحق کو ڈراپ کیا گیا جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو آرام دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ان دونوں کے متبادل کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں صائم ایوب اور ساجد خان کو جگہ ملی ہے۔

سڈنی ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔