پی ٹی آئی کا یکم دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ
لاہور: سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن جمعہ کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت سے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو جمعہ کو کرائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بلامقابلہ پارٹی چیئرمین رہیں گے جب کہ پارٹی میں باقی عہدوں پرانتخابات کروائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلے کے نشان کے لیے تحریک انصاف کو 20 روز کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے 21 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں لکھا گیا تھا کہ پی ٹی آئی آئین کے مطابق شفاف اور منصفانہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرواسکی، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن قابلِ اعتراض اور متنازع ہیں، ایسے انٹرا پارٹی الیکشن کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔