نگراں وزیراعلیٰ کے انتقال کے بعد خیبرپختونخوا کابینہ تحلیل
پشاور: سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کے انتقال کے بعد نگراً صوبائی کابینہ تحلیل ہوچکی۔
21 جنوری 2023 کو بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا عہدے کا حلف اٹھانے والے اعظم خان کو گزشتہ روز طبیعت کی ناسازی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا تھا، نگراں وزیراعلیٰ کے پی کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوچکی، کیونکہ کابینہ وزیراعلیٰ کے ساتھ منسلک ہوتی ہے، اگر وزیراعلیٰ کسی وجہ سے استعفیٰ دے دیں یا برطرف ہوجائیں تو کابینہ خود ہی تحلیل ہوجاتی ہے۔
کنور دلشاد نے کہا کہ جب تک نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا فیصلہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک تمام اختیارات گورنر کے پاس چلے گئے ہیں اور صوبے کے تمام انتظامات گورنر چلائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا کے لیے سینیٹ میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے ایک ہفتے میں کسی ایک نام پر اتفاق سے فیصلہ کرنا ہے، دونوں بیٹھ کر فیصلہ کریں گے پھر 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی فیصلہ کرے گی، اگر سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کسی نتیجے پر نہ پہنچی تو فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔