علی ظفر نے ورلڈکپ ترانہ جاری کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا
کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے شائقین کرکٹ سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل ہی ورلڈکپ کے لیے خصوصی ترانہ جاری کردیا ہے۔
علی ظفر نے مزہ آیا کے عنوان سے کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے لیے ترانہ جاری کیا ہے، جس کا ایک مختصر ویڈیو کلپ گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا ہے۔
گلوکار نے ورلڈ کپ ترانہ مزا آیا کی مکمل ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی ہے، جسے اب تک ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔
اس ترانے کے ہدایت کار، کمپوذر اور پروڈیوسر بھی علی ظفر ہی ہیں جب کہ میوزک پروڈکشن علی مصطفیٰ نے کی ہے۔
شائقین کرکٹ کی جانب سے ورلڈکپ ترانہ مزا آیا کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور ترانے پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جارہا ہے، میچ سے قبل ورلڈکپ ترانہ جاری کرکے علی ظفر نے پاکستانی شائقین کرکٹ کو پُرجوش کردیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے ورلڈکپ 2023 کے ترانے پر شائقین کرکٹ کے ردعمل کے بعد علی ظفر نے ورلڈکپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔