حقوق نسواں کی علمبردار ایرانی خاتون نرگس محمدی نے نوبل انعام جیت لیا

اوسلو: ایران سے تعلق رکھنے والی خواتین کے حقوق کی علمبردار خاتون نرگس محمدی نے نوبل امن انعام اپنے نام کرلیا۔
ایران میں خواتین پر ظلم کے خلاف جدوجہد پر اُنہیں نوبل امن انعام کا حق دار قرار دیا گیا۔
سربراہ نوبل کمیٹی بیرٹ ریس اینڈرسن کا کہنا ہے کہ یہ انسانی حقوق اور آزادی کے لیے نرگس محمدی کی جدوجہد کا اعتراف ہے۔
امن کمیٹی کے مطابق نرگس محمدی نے خواتین کے حقوق اور آزادی کی بہت بھاری قیمت چکائی، انہیں 13 مرتبہ گرفتار کیا گیا، 5 مرتبہ مجرم ٹھہرایا گیا اور انہیں مجموعی طور پر 31 برس قید اور 154 کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی انسانی حقوق کی علمبردار نرگس محمدی تہران کی ایون جیل میں اسیر ہیں اور متعدد مقدمات کا سامنا کررہی ہیں۔
اس کے علاوہ نرگس محمدی ایرانی حکومت کے خلاف پروپیگنڈا پھیلانے کے مقدمات کا سامنا بھی کررہی ہیں۔
نرگس محمدی ایک غیر سرکاری فلاحی ادارے ڈیفینڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ بھی ہیں، جسے 2003 میں نوبل کا امن انعام جیتنے والی شیریں عباسی چلاتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔